سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس میں ملزمان زبیر چریا اور رحمان بھولا کو سینٹرل جیل سے رہاکردیاگیا،رہائی کے بعد دونوں کارکنان ایم کیو ایم کے مرکز بہادر آباد پہنچے۔
سینٹرل جیل حکام کے مطابق سینٹرل جیل میں قید دونوں افراد کو قانونی کارروائی مکمل ہونےکے بعد جیل سے رہا کردیا گیا ہے،رجسٹرار سندھ ہائیکورٹ نے رحمان بھولا اور زبیر چریاکے ریلیز آرڈر جاری کیے تھے جس کے بعد یہ ریلیز آرڈر انسداد دہشت گردی عدالت اور سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل کو ارسال کیےگئے۔

سپریم کورٹ میں رواں ماہ 10 جون کو سانحہ بلدیہ ٹاؤن سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی تھی جس میں عدالت نے دونوں ملزمان کا ٹرائل کورٹ اور سندھ ہائیکورٹ کی جانب سے سنایا گیا سزائے موت کا فیصلہ کالعدم قرار دیا تھا۔
جسٹس شہزاد ملک کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے ملزمان عبدالرحمان عرف بھولا اور زبیر عرف چریا کی اپیلیں منظور کرتے ہوئے انہیں بری کرنے کا حکم جاری کیا تھا ۔
رہائی کے بعد دونوں افراد ایم کیو ایم کے مرکز بہادر آباد پہنچے اور ایم کیو ایم کے کارکنان اور تنظیمی عہدیداروں سے ملاقات بھی کی،دوسری جانب سانحہ بلدیہ فیکٹری کے متاثرین اور مزدور تنظیموں نے کیس دوبارہ کھولنے کا مطالبہ کیاہے۔
