وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی پاکستان آمد ہمارے لئے باعث عزت ہے، ایران امریکا معاہدے میں پاکستان کا کلیدی کردار ہے۔
پارلیمنٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان محبت اور یگانگت بڑھ رہی ہے، یہ اُسی محبت کی کڑی ہے کہ ایرانی صدر پاکستان آ کر ہم سے اظہار یکجہتی کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جنگ کو روکا گیا ، خطے میں امن قائم ہوا ہے، پوری قوم اور امت مسلمہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کی ممنون ہے، 78 سالہ تاریخ میں ایسا کردار ادا کیا ہے کہ دنیا پاکستان کو تسلیم کر رہی ہے۔
دہشتگردی کا منبع افغانستان ، امریکا سمیت سب ہمیں استعمال کرکے چلے گئے ، خواجہ آصف
ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاکستان کے اندرونی اور بیرونی مسائل حل ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی صدر کا تاریخی اہمیت کا دورہ ہے، وہ چند گھنٹوں کے لئے آرہے ہیں لیکن اہمیت بہت زیادہ ہے، بھارت کا ہاضمہ پچھلے سال سے تب سے خراب ہوا ہے جب سے اُنہیں مار پڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے فتح دی، بھارت دوبارہ جارحیت کی کوشش کرے گا تو پاکستان پہلے سے زیادہ طاقتور جواب دے گا، امن کیلئے پاکستان کے حالیہ کردار سے بھارت کبھی خوش نہیں ہو گا، وہ نفرت میں لوٹ پوٹ رہے ہیں، بھارت افغانستان کے ساتھ مل کر سازشیں کر رہا ہے۔ پاکستان امن کے لئے اپنی مغربی سرحد پر امن قائم رکھنا چاہتا ہے۔
افغانستان کے ذریعے پاکستان کے خلاف جنگ لڑی جا رہی ہے، خواجہ آصف
خواجہ آصف نے کہا کہ افغان ہمسایوں سے درخواست ہے جو 40، 50 سال انہوں نے ہمیں مہمان نوازی کا شرف بخشا، اس کا تو لحاظ کر لیں، ہم پاکستانیوں کی روایت ہے ، کوئی پانی کا گھونٹ پلا دے تو ساری عمر اس کا احسان یاد رکھتے ہیں، ہم نے افغانوں کو سایہ فراہم کیا، کھربوں روپے کے کاروبار بنا کر دیئے، تعلیم دی، رہنے کے لئے گھر دیئے، بھارت کے ساتھ مل کر ہمارے خلاف سازشوں پر افغانستان پر افسوس ہی کیا جا سکتا ہے۔
