پاکستان بھر کے پاسپورٹ دفاتر میں یکم جولائی 2026 سے نقد فیس وصولی کا روایتی نظام مستقل طور پر ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے بعد اب شہریوں کو پاسپورٹ فیسوں کی ادائیگی لازمی طور پر صرف ڈیجیٹل ذرائع سے کرنا ہو گی۔
ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا کی زیرِ صدارت منعقدہ زونل سربراہان کے ایک اہم اجلاس کے دوران بریفنگ میں اس نئی اور انقلابی پالیسی کی توثیق کی گئی ہے۔
اجلاس کے دوران حکام نے تفصیلات بتاتے ہوئے واضح کیا کہ پاسپورٹ دفاتر میں اب فیس صرف کیو آر (QR) کوڈ کے ذریعے ڈیجیٹل طور پر قبول کی جائے گی۔
اس جدید نظام کو مزید آسان بنانے کے لیے محکمہ جلد ہی ایک نئی “پاسپورٹ موبائل ایپ” متعارف کروانے جا رہا ہے، جس کی بدولت اندرون اور بیرونِ ملک مقیم تمام پاکستانی شہری اب گھر بیٹھے اپنے پاسپورٹ کی درخواستیں آن لائن جمع کروا سکیں گے، جبکہ پاسپورٹ کی تیاری کے بعد درخواست گزار کو اس کا پاسپورٹ اس کی دہلیز پر ہی ڈیلیور کر دیا جائے گا۔
حکام کے مطابق ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے یہ اہم فیصلہ بھی کیا ہے کہ محکمہ آئندہ سے صرف جدید ‘ای پاسپورٹس’ (e-Passports) ہی جاری کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پاسپورٹ نظام میں بڑی اصلاحات، ای پاسپورٹ پر مکمل منتقلی اور ہوم ڈلیوری سروس شروع کرنے کا فیصلہ
تاہم، شہریوں کی سہولت کے لیے واضح کیا گیا ہے کہ اس وقت زیرِ گردش تمام موجودہ مشین ریڈ ایبل پاسپورٹس (MRP) اپنی مقررہ مدتِ اختتام (Expiry Date) تک مکمل طور پر قابلِ استعمال اور ہر جگہ قابلِ قبول رہیں گے اور انہیں فوری تبدیل کروانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
