وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ہیڈ کوارٹرز میں خصوصی اجلاس ہوا جس میں پاسپورٹ نظام میں اہم اصلاحات کرتے ہوئے اسے مکمل طور ای پاسپورٹ میں منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ای پاسپورٹ پر مکمل منتقلی سے پاسپورٹ کے ضمن میں فراڈ اور جعلسازی کا مؤثر خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پریمیم سروسز حاصل کرنے والے شہری پاسپورٹ پر آنے والے اصل اخراجات کے مطابق فیس ادا کریں گے۔
پاکستان اور اٹلی کے درمیان سفارتی پاسپورٹ پر ویزے کی شرط ختم
وزارت داخلہ نے بیرون ملک اور اندرون ملک پاسپورٹ کی ہوم ڈلیوری سروس کے لیے ابتدائی کام مکمل کر لیا ہے، جبکہ شہریوں کو ان کی دہلیز پر پاسپورٹ فراہم کرنے کا عمل جلد شروع کیا جائے گا۔
اجلاس میں یکم جولائی سے تمام پاسپورٹ دفاتر میں کیش لیس نظام نافذ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا، آن لائن پاسپورٹ درخواستوں کو پاک آئی ڈی کے پلیٹ فارم پر منتقل کیا جائے گا تاکہ درخواست کا عمل مزید آسان اور شفاف بنایا جا سکے۔
کیا پاکستان کا بلیو پاسپورٹ ختم کیا جا رہا ہے؟ معاملہ کیا ہے؟
وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ بزنس پاسپورٹ سے متعلق پالیسی کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی مشاورت سے جلد از جلد حتمی شکل دی جائے۔
اس موقع پر ڈی جی پاسپورٹس اینڈ امیگریشن محمد علی رندھاوا نے وزیر داخلہ کو جاری اصلاحات اور آئندہ کے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔
