پنجاب میں حکومت سازی کیلئے ن لیگ اور پی ٹی آئی متحرک

پنجاب میں حکومت سازی کیلئے ن لیگ اور پی ٹی آئی متحرک | urduhumnews.wpengine.com

لاہور: پنجاب میں حکومت سازی کے لیے پاکستان مسلم لیگ(ن) پاکستان تحریک انصاف نے کوششیں شروع کردی ہیں اور دونوں جانب سے آزاد امیدواروں کے ساتھ رابطہ کیا جارہا ہے۔

حمزہ شہباز نے پی پی 217 سے منتخب آزاد امیدوار سلمان نعیم سے رابطہ کیا اور انہیں ن لیگ میں شمولیت کی دعوت دی ہے۔

ن لیگی رہنما نے سلمان نعیم کو لاہور آنے کے لیے طیارہ بھیجنے کی پیشکش کی تاہم انہوں نے فیصلے کے لیے وقت مانگ لیا ہے۔
سلمان نعیم نے پی پی 217 سے پی ٹی آئی کے شاہ محمود قریشی کو شکست دی تھی۔

پنجاب میں حکومت سازی کے لیے پاکستان تحریک انصاف بھی متحرک ہے اسی سلسلے میں جہانگیرترین اور علیم خان ملتان پہنچ گئے ہیں۔ پی ٹی آئی رہنماؤں نے آزاد نو منتخب اراکین سلمان نعیم اور حنیف پتافی سے ملاقات کی اور انہیں پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی۔

گزشتہ روز ذرائع ابلاغ(میڈیا) سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے صرف اپنے امیدوار کو سپورٹ کریں گے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی میں ہمارے الائنس کی 130 سیٹیں ہیں اور بلوچستان میں مخلوط حکومت بنائیں گے۔

الیکشن کمیشن کو موصول ہونے والے نتائج کے مطابق پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ نون 127 نشستوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے جبکہ تحریک انصاف 123 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

پنجاب اسمبلی میں نشستوں کی کل تعداد 371  ہے جس میں سے 297 جنرل نسشستیں ہیں جب کہ 66 خواتین اورآٹھ  نشستیں غیر مسلموں کے لیے مختص ہیں۔


متعلقہ خبریں