اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے اپنے ملازمین اور افسران کے لیے یوٹیلیٹی الاؤنس میں 100 فیصد اضافے کی منظوری دے دی ہے۔
چیف جسٹس آف پاکستان کی منظوری کے بعد نئے الاؤنسز کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہو گا۔ سپریم کورٹ کی جانب سے جاری کردہ فیصلے کے مطابق بڑھتی ہوئی مہنگائی، بجلی اور گیس کے اخراجات میں اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام ملازمین اور افسران کے یوٹیلیٹی الاؤنسز دوگنا کر دیے گئے ہیں۔
گریڈ 1 سے 6 تک کے ملازمین کا یوٹیلیٹی الاؤنس 6 ہزار روپے سے بڑھا کر 12 ہزار روپے ماہانہ کر دیا گیا ہے جبکہ گریڈ 7 سے 10 تک کے ملازمین کا الاؤنس 8 ہزار روپے سے بڑھا کر 16 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے۔
اسی طرح گریڈ 11 سے 15 تک کے ملازمین کا یوٹیلیٹی الاؤنس 10 ہزار روپے سے بڑھا کر 20 ہزار روپے کر دیا گیا ہے جبکہ گریڈ 16 کے افسران کا الاؤنس 12 ہزار روپے سے بڑھا کر 24 ہزار روپے ماہانہ مقرر کیا گیا ہے۔
فیصلے کے مطابق گریڈ 17 کے افسران کو 30 ہزار روپے، گریڈ 18 کے افسران کو 36 ہزار روپے اور گریڈ 19 کے افسران کو 42 ہزار روپے ماہانہ یوٹیلیٹی الاؤنس دیا جائے گا، اس سے قبل یہ الاؤنس بالترتیب 15 ہزار، 18 ہزار اور 21 ہزار روپے تھا۔
مزید برآں گریڈ 20 کے افسران کا یوٹیلیٹی الاؤنس 24 ہزار روپے سے بڑھا کر 48 ہزار روپے کر دیا گیا ہے جبکہ گریڈ 21 اور اس سے اوپر کے افسران کا الاؤنس 30 ہزار روپے سے بڑھا کر 60 ہزار روپے ماہانہ مقرر کیا گیا ہے۔
ایران اور امریکا کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہو گئے، وزیراعظم کی بطور ثالث توثیق
سپریم کورٹ کے مطابق یوٹیلیٹی الاؤنس میں بجلی اور گیس کے اخراجات شامل ہیں، الاؤنس میں اضافے سے پیدا ہونے والے اضافی مالی بوجھ کو مالی سال 27-2026 کے منظور شدہ بجٹ سے پورا کیا جائے گا۔
