سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کراچی کے عوام کیلئے بڑی خوشخبری سناتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ رواں سال ڈبل ڈیکر اور جدید الیکٹرک (ای وی) بسوں کی ایک بڑی تعداد شہر پہنچ جائے گی۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ نئی ڈبل ڈیکر اور ای وی بسیں مرحلہ وار مختلف روٹس پر چلائی جائیں گی تاکہ شہریوں کو بہتر، آرام دہ اور جدید سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو جدید ترین بنانے کے وژن پر تیزی سے کام کر رہی ہے۔ ان کے مطابق پیپلز بس سروس کی کامیابی کے بعد اب ای وی بسوں اور ڈبل ڈیکر بسوں کی بڑی تعداد بھی ٹرانسپورٹ نیٹ ورک میں شامل کی جا رہی ہے۔
سینئر وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ کے یہ منصوبے صرف ٹرانسپورٹ تک محدود نہیں بلکہ کراچی کے مستقبل کی سمت متعین کرنے کی کوشش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرک بسیں ماحول دوست ہونے کے ساتھ کم لاگت اور آرام دہ سفر کی سہولت بھی فراہم کریں گی۔
شرجیل میمن کے مطابق مزید ڈبل ڈیکر بسوں کی شمولیت شہر کی خوبصورتی اور ٹرانسپورٹ کلچر کو نئی پہچان دے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کا یہ اقدام محض بسوں کی تعداد بڑھانے کا منصوبہ نہیں بلکہ جدید اور ترقی یافتہ کراچی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
اس سے قبل سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا تھا کہ سندھ حکومت نے دعوے نہیں کئے کام کام اور کام کر کے دکھایا ہے، انہوں نے مخالفین سے کہا کہ آئیں مل کر عوام کے لئے کام کرتے ہیں۔
وفاقی حکومت گلگت بلتستان کیلئے 100 میگا واٹ شمسی بجلی منصوبے کے اخراجات اٹھائے گی، وزیراعظم
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ مخالفت اپنی جگہ، خدمت اپنی جگہ، نعروں اور پریس کانفرنسز پر نہیں ہم عوامی خدمت پر یقین رکھتے ہیں، ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عوام کو لڑائی جھگڑوں اور الزام تراشیوں سے نہیں بلکہ خدمت، ترقی اور عملی اقدامات سے فائدہ پہنچتا ہے۔
