واشنگٹن: امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے اپنے انتہائی افزودہ یورینیم کے ذخائر کے تحفظ کے لیے زیر زمین جوہری تنصیبات کو سیل کر دیا ہے۔ اور ان تک رسائی کے راستوں پر بارودی سرنگیں بھی نصب کر دی ہیں۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے انٹیلی جنس ذرائع کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا ہے کہ ایران نے حالیہ ہفتوں کے دوران اپنے جوہری اثاثوں کے تحفظ کے لیے غیر معمولی حفاظتی اقدامات کیے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ان اقدامات میں زیرزمین سرنگوں کو بند کرنا اور داخلی راستوں کو بارودی سرنگوں سے محفوظ بنانا شامل ہے۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ تقریباً نصف ٹن انتہائی افزودہ یورینیم تک رسائی اب پہلے کے مقابلے میں زیادہ مشکل اور خطرناک ہو چکی ہے۔ اس ذخیرے کا بڑا حصہ وسطی ایران میں واقع اصفہان کی جوہری تنصیب کی بند سرنگوں میں موجود ہے جبکہ کچھ مواد دیگر مقامات پر بھی منتقل کیا گیا ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ مئی کے وسط میں امریکی فوج نے ان جوہری ذخائر پر ممکنہ کارروائی کی تیاری کی تھی تاہم اسے بعد میں مؤخر کر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: آبنائے ہرمز کی خلاف ورزی برداشت نہیں کریں گے، امریکی وزیر خارجہ کا بھارتی ہم منصب کو پیغام
دوسری جانب ایران کی حکومت کی طرف سے اس رپورٹ پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا ہے، تاہم تہران ماضی میں بارہا اپنے جوہری اثاثوں کے تحفظ اور دفاعی تیاریوں کے عزم کا اظہار کرتا رہا ہے۔
