واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ امریکی ہدایات یا آبنائے ہرمز میں ناکہ بندی کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے آبنائے ہرمز کی صورتحال اور خطے میں بحری سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔
مارکو روبیو نے گفتگو کے دوران کہا کہ آبنائے ہرمز میں امریکی ہدایات یا ناکہ بندی کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ تجارتی جہازوں کو امریکی افواج کی ہدایات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانا ہو گا۔
مارکو روبیو نے کہا کہ امریکی فوج خطے میں امن اور بحری سلامتی برقرار رکھنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے، جبکہ ایرانی تیل کی مبینہ غیر قانونی ترسیل بھی کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی اور اس پر سخت ردعمل دیا جائے گا۔
دوسری جانب بھارتی ذرائع کے مطابق ایک آئل ٹینکر پر مبینہ امریکی کارروائی کے بعد بھارت نے سینئر امریکی سفارت کار کو طلب کرکے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: کبھی اپنی منزل یا مقصد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، باقر قالیباف
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان یہ رابطہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں ہوا، جبکہ آنے والے دنوں میں اس معاملے پر مزید سفارتی پیشرفت کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
