محکمہ موسمیات نے چند مقامات پر بارش کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے، جبکہ پشاور اور صوبے کے بالائی اضلاع میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ تیز بارشیں متوقع ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شدید گرمی کے باعث برفانی وادیوں میں گلیشیائی جھیلیں پھٹنے کے خطرات بھی بڑھ گئے ہیں۔دوسری جانب پنجاب کے شہروں ملتان اور لاہور سمیت گردونواح میں آج موسم خشک اور گرم رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
ادھر پی ڈی ایم اے خیبر پختونخوا نے 11 جون سے جاری بارشوں اور آندھی کے باعث ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق مختلف اضلاع میں چھتیں اور دیواریں گرنے کے واقعات میں 7 افراد جاں بحق اور 33 زخمی ہوئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق افراد میں 2 بچے، 4 مرد اور ایک خاتون شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 7 مرد، 12 خواتین اور 14 بچے شامل ہیں۔ افسوسناک حادثات بنوں، شانگلہ اور مانسہرہ میں پیش آئے۔
پی ڈی ایم اے نے متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو فوری امدادی سامان فراہم کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ ترجمان کے مطابق پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے جبکہ عوام معلومات اور شکایات کے لیے فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
