کراچی میں شدید گرمی کے باوجود اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
بجلی کی طویل بندش نے معمولاتِ زندگی متاثر کر دیے ہیں جبکہ پانی کی فراہمی بھی متاثر ہونے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔
شہریوں کے مطابق سرجانی ٹاؤن، نیو کراچی، بلدیہ ٹاؤن، کیماڑی اور لیاری میں 18 سے 20 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔
اسی طرح فیڈرل بی ایریا، لیاقت آباد اور لائنز ایریا میں 16 گھنٹے تک بجلی کی بندش کی اطلاعات ہیں، جبکہ کورنگی اور لانڈھی کے مختلف علاقوں میں 12 سے 16 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ جاری ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ بجلی کی عدم فراہمی کے باعث پانی کا حصول بھی مشکل ہو گیا ہے، جس سے گرمی کی شدت میں مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔
سپریم کورٹ نے ہرجانہ کیس میں عمران خان کا حق دفاع بحال کردیا
دوسری جانب کے الیکٹرک کے ترجمان کے مطابق کراچی کے 70 فیصد فیڈرز پر مسلسل بجلی فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ 30 فیصد فیڈرز پر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ شہر میں بجلی کی طلب 3500 میگاواٹ سے تجاوز کر چکی ہے، جس کے باعث نظام پر اضافی دباؤ ہے۔
