لاہور: شہر میں بڑھتے ہوئے ٹریفک دباؤ اور حادثات کی روک تھام کے لیے سٹی ٹریفک پولیس نے ہیوی ٹریفک کے داخلے سے متعلق نئی پابندیاں نافذ کر دی ہیں۔
چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور کے مطابق دن کے اوقات میں آئل ٹینکرز سمیت تمام ہیوی گاڑیوں کے شہر میں داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
سی ٹی او لاہور نے بتایا کہ رات 11 بجے سے قبل کسی بھی ہیوی گاڑی کو لاہور میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ ہیوی ٹریفک صرف رات 11 بجے سے صبح 7 بجے تک شہر کے اندر نقل و حرکت کر سکے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ شہریوں کو بہتر سفری سہولت فراہم کرنے اور سڑکوں پر حادثات کی شرح کم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔
آزادکشمیر حکومت نے سفری ایڈوائزری جاری کردی
انہوں نے مزید کہا کہ آئل ٹینکرز سمیت تمام بڑی گاڑیاں مقررہ اوقات کے دوران ہی شہر میں داخل ہو سکیں گی۔ دن کے وقت ہیوی ٹریفک کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی گئی ہے اور قواعد کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
سی ٹی او لاہور نے ٹرانسپورٹرز اور ڈرائیورز سے ہدایت کی ہے کہ وہ نئے اوقات کار اور ٹریفک قوانین پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں تاکہ شہریوں کو محفوظ اور روان ٹریفک ماحول فراہم کیا جا سکے۔
