کراچی: شہر کی مصروف شارع فیصل پر آج سے لین ڈسپلن کی خلاف ورزی کے خلاف باقاعدہ کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے کہا کہ اپنی مقررہ لین میں گاڑی یا موٹرسائیکل نہ چلانے والوں کو ای چالان جاری کیا جا رہا ہے۔
ڈی آئی جی ٹریفک نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ دوران سفر موٹرسائیکل سوار انتہائی بائیں جانب اپنی مخصوص لین میں رہیں جبکہ بسیں اور دیگر بڑی گاڑیاں بائیں جانب سے تیسری لین استعمال کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ سڑک کی دائیں جانب موجود فاسٹ ٹریک صرف تیز رفتار گاڑیوں کے لیے مختص ہے، انہوں نے واضح کیا کہ شارع فیصل پر لین ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ای چالان جاری ہوگا اور مقررہ جرمانہ ادا کرنا لازم ہوگا۔
الیکشن کمیشن نے بلاول بھٹو اور آصفہ بھٹو کو گلگت بلتستان انتخابی دورے کی اجازت دے دی
ٹریفک پولیس نے یکم جون سے لین ڈسپلن پر سختی سے عملدرآمد کا عندیہ دیا تھا جس کے بعد آج سے باقاعدہ کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے، حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ٹریفک کی روانی بہتر بنانا اور حادثات کی شرح میں کمی لانا ہے۔
