امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر سان ڈیاگو میں قائم ایک بڑے اسلامک سینٹر پر فائرنگ کے واقعے میں مشتبہ حملہ آوروں سمیت 5 افراد ہلاک ہو گئے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق دو مسلح حملہ آوروں نے اسلامک سینٹر میں داخل ہوکر اندھا دھند فائرنگ کی، مسجد کی حفاظت پر مامور گارڈ نے نمازیوں اور بچوں کو بچانے کی کوشش کی تاہم وہ بھی فائرنگ کی زد میں آ کر جان کی بازی ہارگیا ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں مجموعی طور پر پانچ افراد ہلاک ہوئے جن میں دو مشتبہ حملہ آور بھی شامل ہیں، جب کہ کئی افراد زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیے گئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال پر قابو پا کرعلاقے کو محفوظ قرار دے دیا ہے۔
ابتدائی تحقیقات میں خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ یہ حملہ نفرت انگیزی پر مبنی جرم ہوسکتا ہے۔ پولیس کے مطابق دونوں مشتبہ حملہ آور کم عمر تھے تاہم ان کی شناخت فوری طور پر ظاہر نہیں کی گئی۔
یہ اسلامک سینٹر سان ڈیاگو کے بڑے مذہبی مراکز میں شمار ہوتا ہے جہاں روزانہ پانچ وقت نماز ادا کی جاتی ہے، ہزاروں افراد کی گنجائش موجود ہے جب کہ مذہبی سیمینارز اور دیگر تقریبات بھی منعقد ہوتی رہتی ہیں اسی مرکز میں الراشد اسکول بھی قائم ہے۔
پاکستان سمیت 10 ممالک کے وزرائے خارجہ کی گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت
مسجد انتظامیہ نے سیکیورٹی گارڈ کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس کی شناخت فی الحال ظاہر نہیں کی جارہی۔ مرکز کے پیش امام نے کہا کہ حملے کے دوران بچوں کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا تھا جس کے باعث وہ محفوظ رہے۔
