پاک فوج نے بھارتی آرمی چیف کے بیان کو ذہنی دیوالیہ پن کا عکاس قرار دے دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) نے بھارتی آرمی چیف کے حالیہ انٹرویو میں دیے گئے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے اسے اشتعال انگیز قرار دیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی آرمی چیف نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان فیصلہ کرے کہ وہ جغرافیہ اور تاریخ کا حصہ بننا چاہتا ہے یا نہیں۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت کی بدخواہی کے برعکس پاکستان ایک ایٹمی طاقت اور خطے کی ناقابل تردید حقیقت ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ بھارتی قیادت آٹھ دہائیاں گزرنے کے باوجود بھی پاکستان کے وجود کو تسلیم نہیں کر سکی، جبکہ تکبر اور جنگی جنون ماضی میں بھی جنوبی ایشیا کو جنگوں اور بحرانوں کی طرف دھکیلتا رہا ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ ایک ایٹمی ہمسائے کو مٹانے کی دھمکی دینا نہ کوئی اسٹریٹجک اشارہ ہے اور نہ ہی سفارتی دباؤ، کیونکہ ایسی کسی بھی جغرافیائی تباہی کے نتائج باہمی اور ہمہ گیر ہوں گے۔
بھارتی آرمی چیف کی ایٹمی ہمسایہ ملک کو جغرافیہ سے مٹانے کی دھمکی ذہنی دیوالیہ پن، جنگی جنون اور اشتعال انگیزی کی مظہر ہے۔ ذمہ دار ایٹمی ریاستیں تحمل، سنجیدگی اور اسٹریٹجک بصیرت کا مظاہرہ کرتی ہیں اور کسی قوم کے خاتمے یا تہذیبی برتری کی زبان استعمال نہیں کرتیں۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت خطے میں دہشتگردی کی سرپرستی اور سرحد پار ٹارگٹ کلنگز میں ملوث رہا ہے جبکہ دہلی کی جارحانہ زبان پاکستان کو نقصان پہنچانے میں ناکامی پر مایوسی کی عکاس ہے۔
ذوالحجہ کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہو گا
بیان میں خبردار کیا گیا کہ بھارتی قیادت خطے کو جنگ کی طرف دھکیلنے سے باز رہے کیونکہ اس کے نتائج تباہ کن ہوں گے۔ آئی ایس پی آر نے زور دیا کہ بھارت پاکستان کی اہمیت تسلیم کرے اور پُرامن بقائے باہمی کا راستہ اختیار کرے جبکہ پاکستان کو نشانہ بنانے کی کسی بھی کوشش کے نتائج بھارت کیلئے قابل قبول نہیں ہوں گے۔
