انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے اپنے آئندہ فیوچر ٹور پروگرام (ایف ٹی پی) میں پاکستان اور جنوبی افریقا کے خلاف پانچ پانچ ٹیسٹ میچوں پر مشتمل طویل ہوم سیریز شامل کرنے کا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔
برطانوی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق انگلش بورڈ نے اس مجوزہ منصوبے کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور جنوبی افریقا کے حکام کے ساتھ ابتدائی بات چیت کا عمل مکمل کر لیا ہے۔
آسٹریلیا کا دورہ پاکستان؛ کن شہروں میں سجے کا میدان؟ شیڈول جاری
نئے شیڈول کے مطابق انگلینڈ کا اگلا فیوچر ٹور پروگرام اگلے برس آسٹریلیا کے خلاف ہونے والی ہوم ایشیز سیریز سے شروع ہوگا، جس کے فوری بعد پاکستان اور جنوبی افریقا کے خلاف طویل ٹیسٹ سیریز کھیلی جائیں گی۔
رپورٹس میں مزید بتایا گیا ہے کہ جہاں پاکستان اور جنوبی افریقا کے خلاف طویل سیریز ہوں گی، وہیں بنگلادیش اور سری لنکا کے خلاف محض ایک ایک ٹیسٹ میچ پر مشتمل مختصر سیریز بھی رکھی جائیں گی۔
تاہم ان دونوں ممالک کے خلاف وائٹ بال کرکٹ (ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی) کے زیادہ میچز شیڈول کیے جائیں گے، کیونکہ برطانوی بورڈ کے مطابق ان ٹیموں کے خلاف وائٹ بال سیریز مالی طور پر زیادہ سود مند ثابت ہوتی ہیں۔
