کراچی: ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے انسانی حقوق تنظیم کی رہنما شیما کرمانی کیس میں مبینہ بدسلوکی پر پولیس افسران کو معطل کر دیا۔
سماجی رہنما شیما کرمانی اور انسانی حقوق کارکنوں کی گرفتاری اور مبینہ بدسلوکی کے معاملے پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعدد پولیس افسران کو معطل کر دیا۔
معطل کیے جانے والے پولیس افسران میں ڈی ایس پی صدر ناصر آفریدی، ایس ایچ او وومن حنا مغل اور ایس ایچ او آرٹلری میدان ندیم حیدر شامل ہیں۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے واقعے کی باقاعدہ انکوائری کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی آئینی عدالت کا اسلام قبول کرنے والی لڑکی کو دارالامان بھیجنے کا حکم
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شہریوں کے حقوق کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور اس حوالے سے سخت اقدامات کیے جائیں گے۔
