اسلام آباد: نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان کا پانی روکنے کی کسی بھی بھارتی کوشش کو جنگ تصور کیا جائے گا۔
نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سفارتی کور سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ طاس معاہدے سے متعلق بھارتی اقدامات خطے کے امن کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔ پاکستان اپنے آبی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے پہلگام حملے کا الزام بغیر ثبوت پاکستان پر عائد کیا۔ اور اس کے بعد جارحیت کی۔ جس کا پاکستانی مسلح افواج نے مؤثر جواب دیا۔ پاکستان کسی بھی مس ایڈونچر کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں۔ جبکہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کا خواہاں ہے۔
نائب وزیراعظم نے دریائے چناب کے بہاؤ میں حالیہ کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارت سے مطالبہ کیا کہ وہ دریاؤں کے پانی سے متعلق شفاف ڈیٹا فراہم کرے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایران اور خلیجی ممالک پر ہونے والے حملوں کی مذمت کی اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے کردار ادا کیا۔ پاکستان کی کوششوں سے امریکا اور ایران کے درمیان طویل عرصے بعد مذاکرات بھی ممکن ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: مہنگائی کے دور میں پی آئی اے کا اقدام، مسافروں کیلئے کرایوں میں کمی
وزیر خارجہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور سفارتی حل کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
