اسلام آباد، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے کہا ہے کہ پوری دنیا اس وقت موسمیاتی تبدیلیوں کے سنگین اثرات کا سامنا کر رہی ہے، جس کے نتیجے میں زمین کے درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
میڈیا بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پاکستان بھی شدید متاثر ہو رہا ہے اور یہ صورتحال آنے والے وقت میں مزید خطرناک شکل اختیار کر سکتی ہے، درجہ حرارت میں اضافہ نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے بتایا کہ گلیشیئرز کے پگھلاؤ میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، جو مستقبل میں پانی کے بحران اور قدرتی آفات کا باعث بن سکتا ہے۔
اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے
انہوں نے کہا کہ ماہرین کے مطابق رواں سال گرمی کی شدت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے، جس کے لیے پیشگی تیاری ناگزیر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ ممالک میں پاکستان سرفہرست ہے اور عالمی سطح پر اسے چوتھا بڑا متاثرہ ملک قرار دیا جاتا ہے، اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے نہ صرف حکومتی سطح پر اقدامات ضروری ہیں بلکہ معاشرے کے تمام طبقات کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے زور دیا کہ موسمیاتی تبدیلی ایک مشترکہ عالمی مسئلہ ہے اور اس کے اثرات کو کم کرنے کے لیے فوری، مؤثر اور مربوط حکمت عملی اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے، ورنہ آنیوالے برسوں میں اس کے اثرات مزید شدت اختیار کر سکتے ہیں۔
