لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 کے فائنل کا وقت اختتامی تقریب کے باعث تبدیل کر دیا گیا۔ اب میچ رات 7 بجے کے بجائے 8 بجے شروع ہو گا۔
رپورٹ کے مطابق پشاور زلمی اور حیدرآباد کنگز کے درمیان فائنل میچ کا ٹاس شام ساڑھے 7 بجے ہو گا۔ جبکہ اختتامی تقریب 6 بج کر 30 منٹ پر شروع کی جائے گی۔
اس سے قبل ٹاس کا وقت ساڑھے 6 بجے اور میچ کا آغاز 7 بجے مقرر تھا۔ تاہم تقریب کو مدنظر رکھتے ہوئے شیڈول میں تبدیلی کی گئی ہے۔
قبل ازیں چمچماتی ان فینیٹی ٹرافی کی رونمائی بھی کی گئی، جہاں کپتانوں بابر اعظم اور مارنس لبوشن نے ڈبل ڈیکر بس میں ٹرافی کے ساتھ اسٹائلش فوٹو شوٹ کیا اور دلچسپ انداز میں بس ڈرائیو کرتے ہوئے ریس بھی لگائی۔
یہ بھی پڑھیں: چیئرمین پی سی بی کی زیر صدارت اجلاس، فائنل میچ کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ
پشاور زلمی 2017 کے بعد دوبارہ ٹائٹل جیتنے کے لیے پرعزم ہے۔ جبکہ حیدرآباد کی ٹیم اپنے پہلے سیزن کو یادگار بنانے کی کوشش میں ہے۔ فاتح ٹیم کو ٹرافی کے ساتھ 5 لاکھ امریکی ڈالرز انعام بھی دیا جائے گا۔
