لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 کے فائنل سے قبل رنگا رنگ اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
اختتامی تقریب کے آغاز پر ٹرافی کی رونمائی کی گئی۔ سابق کرکٹر ظہیر عباس اور سی ای او پی ایس ایل ٹرافی لے کر اسٹیج پر آئے۔ تقریب کا آغاز ایریل ڈانس پرفارمنس سے کیا گیا۔ اور خاتون جمناسٹر نے ائیر بیلون پر ڈانس پرفارمنس دی۔
جس کے بعد ملک کے معروف گلوکاروں نے تقریب کو اپنی پرفارمنس سے محظوظ کیا۔ گلوکار علی عظمت نے ملی نغمہ پیش کیا۔ جسے شائقین نے سراہا۔ جس کے بعد گلوکار عارف لوہار نے اسٹیج پر آکر تقریب کو چار چاند لگا دیئے۔
عاطف اسلم، آئمہ بیگ، اور صابری سسٹرز نے بھی اپنی پرفارمنس سے شائقین کو محظوظ کیا۔ عاطف اسلم اور آئمہ بیگ نے پرجوش انداز میں اپنی پرفارمنس دکھائی۔ گلوکاروں کی شاندار پرفارمنس پر شائقین جھوم اٹھے۔ تقریب کے اختتام پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔
