آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغامات میں صحافت کی اہمیت، سچائی اور ذمہ دارانہ رپورٹنگ پر زور دیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ سچائی کے بغیر امن ممکن نہیں اور صحافت کا کردار جمہوری معاشرے میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ڈس انفارمیشن جمہوری مکالمے کو مسخ کر رہی ہے جبکہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا غیر ذمہ دارانہ استعمال بھی تشویشناک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صحافیوں کو دنیا بھر میں ہراسانی اور دباؤ کا سامنا ہے، اس لیے ان کے لیے محفوظ ماحول یقینی بنانا ضروری ہے۔
صدر نے مزید کہا کہ آئین کا آرٹیکل 19 آزادی صحافت کی ضمانت دیتا ہے اور احتساب و شفافیت کے لیے آزاد صحافت ناگزیر ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ صحافت میں درستگی کو ترجیح دی جائے، عوام جھوٹ کو مسترد کریں اور سچ کا ساتھ دیں، جبکہ پاکستان کے خلاف منظم جھوٹی مہمات کا بھی مقابلہ کیا جائے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ غیر جانبدارانہ خبروں کی اشاعت صحافت کی بنیاد ہے اور غیر تصدیق شدہ خبروں کی ترسیل کو روکنا ہر صحافی کا فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافی ایک باوقار اور سازگار ماحول کے حقدار ہیں اور میڈیا کا منظرنامہ تیزی سے جدت اختیار کر رہا ہے۔
ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کر دی گئی
وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور خطے میں کشیدگی کے دیرپا حل کے لیے مذاکرات کو ترجیح دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی میڈیا نے اہم مواقع پر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے غلط معلومات کا تدارک کیا اور قومی بیانیے کو مؤثر انداز میں پیش کیا۔
