کراچی ٹریفک پولیس نے شہر کی اہم شاہراہ شارع فیصل پر گاڑیوں کی نئی اسپیڈ لمٹس مقرر کرتے ہوئے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
ڈی آئی جی ٹریفک کے مطابق کار اور موٹرسائیکل سواروں کے لیے مقررہ رفتار کی حد میں اضافہ کیا گیا ہے تاکہ ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر اور سفر کو نسبتاً تیز بنایا جا سکے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اب شارع فیصل پر کاریں اور موٹرسائیکلیں 70 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکیں گی، جو پہلے اس سے کم مقرر تھی۔ یہ فیصلہ ٹریفک کی روانی اور شہریوں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
پنجاب حکومت نے بسنت 2027 کیلئے نئے حفاظتی ضوابط جاری کر دیئے
تاہم ہیوی ٹریفک کے لیے رفتار کی حد میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ ٹرک اور دیگر بھاری گاڑیاں بدستور 30 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہی چلیں گی تاکہ حادثات کے خطرات کو کم کیا جا سکے۔
ڈی آئی جی ٹریفک نے واضح کیا کہ نئی اسپیڈ لمٹس پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ یہ اقدام شہر میں ٹریفک نظم و ضبط بہتر بنانے کی ایک اہم کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔
