اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے 17 ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشنز کو حساس ترین قرار دیا ہے جہاں سیکیورٹی کے اضافی انتظامات کیے گئے ہیں۔
سندھ کے 17 ہزار747 میں سے پانچ ہزار 673 پولنگ اسٹیشنز حساس ترین ہیں، سندھ کے ضلع خیرپور کو ملک کا سب سے حساس ترین ضلع قرار دیا گیا ہے جہاں 88 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس ہیں، ان کے علاوہ سندھ کے پانچ ہزار 776 پولنگ اسٹیشنز کو حساس بتایا گیا ہے۔
پنجاب کے 48 ہزار 257 پولنگ اسٹیشنز میں سے پانچ ہزار 487 پولنگ اسٹیشنز کو حساس ترین جب کہ پانچ ہزار 686 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے۔
لاہور کے سات سو 17 پولنگ اسٹیشنز، راولپنڈی کے 145 اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے 30 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس ہیں۔
بلوچستان کے چار ہزار 420 پولنگ اسٹیشنز میں سے تین ہزار 874 کو حساس ترین جب کہ ایک ہزار 768 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا (کے پی) کے 12 ہزار 634 پولنگ اسٹیشنز میں سے تین ہزار 874 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس جب کہ سات ہزار386 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا میں ضلع مردان کے 514 پولنگ اسٹیشنز، پشاور کے 275 اور بنوں کے 195 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس ہیں۔
دارالحکومت اسلام آباد میں پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 797 ہے جن میں حساس پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 173 ہے۔