وائٹ ہاؤس کوریسپونڈنٹس ڈنر کے دوران پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے میں گرفتار مسلح مشتبہ شخص کی شناخت کر لی گئی ہے۔
امریکی حکام کے مطابق گرفتار شخص 31 سالہ کول ٹوماس ایلن ہے جس کا تعلق کیلیفورنیا سے ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی رپورٹ کے مطابق ملزم کو تقریب کے دوران حراست میں لیا گیا، جس کے بعد سیکیورٹی اداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے صورتحال پر قابو پالیا۔
واقعے کے فوری بعد مشتبہ شخص کی تصویر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر بھی شیئر کی گئی۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ فائرنگ کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور وہ زندہ ہے۔
صدر کا یہ بیان ان افواہوں کے بعد سامنے آیا ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ شوٹر کو جوابی کارروائی میں ہلاک کر دیا گیا ہے۔ امریکی اور روسی میڈیا کی جانب سے یہ دعوے سامنے آئے تھے کہ سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے حملہ آور ہلاک ہو چکا ہے، تاہم صدر ٹرمپ کے بیان نے ان رپورٹس کی تردید کر دی ہے۔
قانون نافذ کرنے والے ادارے تاحال واقعے کی مکمل تفصیلات جمع کر رہے ہیں اور معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
