ایران کے جزیرہ قشم اور بندر عباس کے مغربی علاقے میں 6 دھماکے سنے گئے۔
ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق ایران کے جنوبی شہر بندر عباس کے مغربی علاقے میں پانچ اور قشم میں ایک دھماکا سنا گیا۔
فارس نیوز کے مطابق دھماکے چغادک اور بوشہر کے علاقوں میں سنے گئے تاہم ابتدائی اطلاعات میں دھماکوں کی نوعیت اور جانی و مالی نقصان کے بارے میں کوئی تفصیلات یا حکام کی جانب سے باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
امریکی افواج کے مسلسل تیسری رات ایران پر شدید حملے
اس سے قبل امریکی افواج نے کہا تھا کہ مسلسل تیسری رات ایران پر شدید حملے کئے جس میں کئی اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
امریکی فوج کے مطابق مشرقی امریکی وقت کے مطابق شام 4 بج کر 45 منٹ پر کارروائی کی گئی ، صدر ٹرمپ کی ہدایت پر ایران کیخلاف فضائی حملوں کا آغاز کیا۔
امریکی سینٹکام نے بتایا کہ ایران کے خلاف تازہ فضائی کارروائی مکمل کر لی ہے ، کارروائی 5گھنٹے جاری رہی، فوجی اہداف کونشانہ بنایا۔
سینٹکام کے مطابق بوشہر، چاہ بہار، جاسک، کنارک، ابوموسیٰ اور بندر عباس میں حملے کئے، حملوں کامقصدتجارتی جہازوں پر حملوں کی ایرانی صلاحیت کو کمزور کرنا ہے۔
ایران کے بحرین اور کویت میں امریکی بحری بیڑے اور فوجی اڈوں پر حملے ، ایندھن کے ذخائر میں آتشزدگی
دوسری جانب ایران نے امریکی حملوں کے جواب میں بحرین میں امریکی ففتھ فلیٹ، اماراتی ٹینکروں اور امریکی جہاز کو نشانہ بنایا ہے۔
ایرانی پاسداران انقلاب کے مطابق بحرین میں امریکی بحری بیڑے کو میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا، حملوں کے بعد امریکی اڈے پر موجود ایندھن کے ذخائر میں آگ لگ گئی، پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام، ریڈارسسٹم اور ڈرون مرکز کو تباہ کر دیا۔
بیان کے مطابق بحرین کے جفیر ایئربیس پر اسلحہ گوداموں کو نشانہ بنایا گیا، سیٹلائٹ مواصلاتی مرکز اور امریکی افواج کی رہائشی عمارت بھی ہدف بنی۔
ترجمان پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز بھی میں دو سپر ٹینکروں کو نشانہ بنا کر ناکارہ بنا دیا، متعلقہ دو ٹینکروں نے ہماری وارننگ کو نظر انداز کیا۔
علاوہ ازیں ایرانی خبر ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ کویت میں امریکی فوجی اڈے پر دھماکے کی آواز سنی گئی ہے۔
دوسری جانب اردنی سرکاری خبر ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی جانب سے اردنی فضائی حدود میں آنے والے 4 میزائل مار گرائے ہیں۔
