واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی موجودگی میں وائٹ ہاؤس کے میڈیا نمائندوں کے اعزاز میں عشائیے کے دوران فائرنگ کے واقعےمیں صدر ٹرمپ محفوظ رہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق ہلٹن ہوٹل میں منعقدہ عشایئے کے دوران زور دارآواز سنی گئی، سکیورٹی خدشے کے باعث مختصر وقت کیلئے ہلچل مچ گئی۔
وائٹ ہاؤس کی کوریج پر مامور نمائندوں سے متعلق ڈنر کی تقریب کا آغاز ہی ہوا تھا کہ اس دوران صدر ٹرمپ کو ایک پرچی دکھائی گئی۔ ایسی ہی پرچی پہلے وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولائن لیویٹ کو بھی دکھائی گئی تھی۔ جس پر صدر ٹرمپ کے ایک جانب بیٹھی خاتون کو حیرت زدہ ہوتے دیکھا گیا۔

تقریب میں 2 ہزار 600 سے زائد افراد شر یک تھے ۔ فائرنگ کے بعد تقریب کے شرکاء میزوں کے نیچے چھپ گئے۔
صدر ٹرمپ نے تصدیق کی ہے کہ فائرنگ کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور وہ زندہ ہے۔اس سے پہلے امریکی اور روسی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ حملہ آور کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق فائرنگ کے واقعے کے بعد سیکرٹ سروس کے اہلکار صدر ٹرمپ کو باہر لے گئے۔ اسپیکر مائیک جانسن بھی ڈنر میں موجود تھے، انہیں بھی سیکرٹ سروس کے اہلکار باہر لے گئے۔
