تہران، ایران میں دو ماہ کے وقفے کے بعد فضائی سرگرمیاں دوبارہ بحال ہو گئی ہیں اور تہران کے امام خمینی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے تجارتی پروازوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا اوراسرائیل کے درمیان کشیدگی اورجنگی صورتحال کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ ایران نے بین الاقوامی تجارتی پروازیں دوبارہ شروع کی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق تہران سے استنبول، مسقط اورسعودی عرب کے شہرمدینہ کے لئے پروازوں نے کامیابی کے ساتھ اڑان بھری، جس سے خطے میں فضائی رابطوں کی بحالی کی جانب اہم پیشرفت سمجھی جا رہی ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف سے عباس عراقچی کی اہم ملاقات، خطے کی صورتحال پرمشاورت
ایران کی سرکاری فضائی کمپنی ایران ایئر نے بھی 56 روز کے وقفے کے بعد تہران سے ملک کے دوسرے بڑے شہر مشہد کے لیے پرواز بحال کردی ہے، جسے ملکی سطح پر معمولات زندگی کی بحالی کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق پروازوں کی بحالی سے نہ صرف مسافروں کو سہولت ملے گی بلکہ تجارتی سرگرمیوں میں بھی بہتری آنے کی توقع ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال کی بہتری کے ساتھ مزید بین الاقوامی روٹس بھی مرحلہ وار بحال کیے جائیں گے۔
