اسلام آباد، وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ اہم ملاقات کی، جس میں خطے کی مجموعی صورتحال اور علاقائی امن و استحکام پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِخارجہ سینیٹرمحمد اسحاق ڈاراور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی شریک تھے۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں مشرق وسطیٰ کی بدلتی ہوئی صورتحال، ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے امکانات اور خطے میں امن کے قیام کے لئے جاری سفارتی کوششوں پرخصوصی غورکیا گیا۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات
پاکستان کی جانب سے اس حوالے سے متوازن اور فعال کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی گزشتہ رات اسلام آباد پہنچے، جہاں ان کا پرتپاک استقبال نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل عاصم منیر اوردیگر اعلیٰ حکام نے کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ اپنے دورہ پاکستان کے دوران اعلیٰ قیادت سے مزید ملاقاتیں کریں گے جن میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی تازہ صورتحال اور امن و استحکام کے لیے مشترکہ اقدامات پر بات چیت کی جائے گی۔
