لاہور: صوبہ پنجاب میں سائبر جرائم کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر محکمہ داخلہ پنجاب نے واٹس ایپ ہیکنگ اور نقالی پر مبنی فراڈ کے خلاف ہنگامی ایڈوائزری جاری کر دی۔
ایڈوائزری کے مطابق حالیہ دنوں میں سرکاری افسران کے واٹس ایپ اکاؤنٹس ہیک ہونے کے متعدد واقعات سامنے آئے ہیں۔ جس کے بعد تمام انتظامی محکموں، پولیس حکام اور فیلڈ فارمیشنز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ سائبر مجرم ہیک شدہ اکاؤنٹس کے ذریعے متعلقہ افسران کے رابطوں کو جعلی پیغامات ارسال کرتے ہیں۔ جن میں عموماً فوری مالی مدد کی اپیل کی جاتی ہے تاکہ لوگوں کو دھوکہ دے کر رقم بٹوری جا سکے۔
ایڈوائزری میں بتایا گیا ہے کہ فراڈیے عوامی طور پر دستیاب معلومات جیسے نام، عہدہ اور تصاویر استعمال کر کے جعلی اور قابل یقین ڈیجیٹل شناخت بناتے ہیں، جس سے ایسے واقعات میں خطرناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے تمام اداروں کو ہدایت کی ہے کہ سیکیورٹی اقدامات سخت کیے جائیں۔ مشکوک سرگرمیوں پر نظر رکھی جائے اور کسی بھی غیر معمولی پیغام یا مالی درخواست پر عمل سے قبل مکمل تصدیق یقینی بنائی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم سے پاکستانی خلا بازوں کی ملاقات، خلائی مشن کو تاریخی سنگ میل قرار دے دیا
حکام نے عوام کو بھی خبردار کیا ہے کہ وہ نامعلوم لنکس پر کلک کرنے سے گریز کریں اور کسی بھی مشکوک پیغام کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں تاکہ سائبر فراڈ سے بچا جا سکے۔
