وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستانی خلا بازوں نے ملاقات کی ، وزیراعظم نے خلائی مشن کو تاریخی سنگ میل قرار دے دیا۔
وزیرِاعظم شہباز شریف سے انسانی خلائی مشن پر جانے والے پاکستانی خلا باز خرم داؤد اور محمد ذیشان علی نے ملاقات کی، جس میں اتاشی حسنین افتخار بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے خلا بازوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کا خلائی مشن پاکستان کے لیے ایک اہم سنگ میل اور پوری قوم کے لیے باعث فخر ہے۔ انہوں نے اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ نوجوان خلا باز پاکستان کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کریں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ خلا بازوں کی محنت اور لگن قابل ستائش ہے اور چینی تعاون سے یہ مشن دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گا۔ انہوں نے چین کے ساتھ خلائی تحقیق میں تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے کی امید بھی ظاہر کی۔
چینی سفیر نے اس موقع پر وزیراعظم کے خیالات کا خیر مقدم کرتے ہوئے پاکستان اور چین کے درمیان خلائی تعاون کو خوش آئند قرار دیا۔
توانائی سیکیورٹی اب ملک کی مستقبل کی مجموعی منصوبہ بندی کا انتہائی اہم حصہ بن چکی ہے، وزیراعظم
خلا بازوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اس منفرد موقع کو پاکستان کے لیے اعزاز بنائیں گے اور محنت کے ذریعے قوم کی توقعات پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

ملاقات میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیرِ اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، معاون خصوصی سید طارق فاطمی، سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ اور چیئرمین سپارکو محمد یوسف خان نے شرکت کی۔ اس موقع پر جیانگ زائیڈونگ بھی موجود تھے۔
