کل سے تیز ہواؤں کے ساتھ بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی سامنے آ گئی۔
این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے ممکنہ موسمی خطرات کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق 5 مئی تک ملک کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی کی لہر متوقع ہے، موجودہ موسمی صورتحال چار ماہ قبل جاری کردہ جائزے کے عین مطابق ہے۔
الرٹ کے مطابق سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی کی لہر کا امکان ہے، جبکہ کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، بہاولپور، ملتان اور تربت شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔
مزید برآں وسطی پنجاب اور خیبر پختونخوا کے بعض علاقوں میں بھی درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 24 اور 29 اپریل کے دوران پنجاب کے بالائی و وسطی اضلاع میں آندھی اور بارش کا امکان ہے جبکہ مری، اسلام آباد، راولپنڈی، سرگودھا، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور لاہور میں بارش متوقع ہے۔
بلوچستان کے شمالی اضلاع میں 24 سے 29 اپریل کے دوران تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ گوادر سمیت ساحلی علاقوں میں موسم خشک رہے گا اور درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ ہوگا۔
مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی
اسی طرح خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی 24 سے 29 اپریل کے دوران تیز ہواؤں اور بارش کا امکان ہے جبکہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ شدید گرمی کے باعث لو لگنے، پانی کی کمی اور دیگر طبی مسائل کا خدشہ ہے۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور زیادہ سے زیادہ پانی پئیں۔
