اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار جو تاریخی کردار ادا کررہے ہیں اس سے ہمارے سبز پاسپورٹ کی عزت بحال ہوئی ہے۔
گلگت بلتستان پارلیمانی بورڈ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے کہا کہ ن لیگ سے زیادہ کوئی بھی گلگت بلتستان کو نہیں جانتا۔
انہوں نے واضح کیا کہ سڑکوں کی تعمیر کوئی احسان نہیں بلکہ عوام کی بنیادی ضرورت ہے۔ اور حکومت نے اس ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے عملی اقدامات کیے ہیں۔
نواز شریف نے کہا کہ بطور وزیر اعظم شہباز شریف گلگت بلتستان کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ اور ان کا جذبہ بھی اس خطے کے لیے ویسا ہی ہے جیسا خود نواز شریف کا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور دفاعی، سیاسی اور معاشی میدان میں بھرپور کردار ادا کر چکی ہے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان میں 60 ارب روپے سے زائد لاگت سے بننے والی سڑکوں کے منصوبوں سے فاصلے کم ہوئے ہیں۔ جس سے علاقے میں سیاحت کو بھی فروغ ملا ہے اور دنیا بھر سے سیاح یہاں کا رخ کرنا چاہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد مذاکرات۔۔۔ سفارت کاری کے امتحان اور جنگ کے منڈلاتے سائے
انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ نے صرف دعوے نہیں کیے بلکہ عملی کام کر کے دکھائے ہیں جب کہ اسلام آباد اور پنجاب میں بھی بڑے پیمانے پر ترقیاتی منصوبے جاری ہیں۔ خیبر پختونخوا میں 15 سال سے مسلسل ایک ہی جماعت کی حکومت ہے اور وہ کون سا فلاحی کام کر رہی ہے۔
