اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کی ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے 45 منٹ کی تفصیلی گفتگو میں خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے گفتگو کے دوران خطے کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اور امن و استحکام کے لیے جاری سفارتی کوششوں پر زور دیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ایرانی قیادت کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اپریل 2026 میں اسلام آباد میں مذاکرات کے لیے اعلیٰ سطحی وفد بھیجا۔
شہباز شریف نے صدر پزشکیان کو سعودی عرب، قطر اور ترکیہ سمیت مختلف عالمی رہنماؤں سے اپنی حالیہ ملاقاتوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ اور کہا کہ یہ روابط خطے میں پائیدار امن کے قیام میں مددگار ثابت ہو رہے ہیں۔
انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے حالیہ دورہ تہران کے دوران ہونے والی تعمیری بات چیت پر بھی شکریہ ادا کیا۔
وزیر اعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنے دوست ممالک کے تعاون سے خطے میں امن کے فروغ کے لیے سنجیدہ کوششیں جاری رکھے گا۔ جبکہ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کے لیے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ایران امریکا مذاکرات: پولیس اہلکاروں کو سخت ہدایات جاری، پابندی لگ گئی
ایرانی صدر صدر پزشکیان نے پاکستان کی امن کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایران اور پاکستان کے تعلقات مستقبل میں مزید مضبوط ہوں گے۔
بعد ازاں وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا کہ آج ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے تعمیری گفتگو ہوئی۔ اور خطے کی بدلتی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا۔ تہران میں فیلڈ مارشل کے ساتھ ہونے والی حالیہ بات چیت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی صدر کو سعودی عرب، قطر اور ترکیہ کی قیادت کے ساتھ حالیہ ملاقاتوں سے بھی آگاہ کیا۔ پاکستان خطے میں دیرپا امن کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔
