حکومت نے اسلام آباد اور راولپنڈی میں کل (پیر)سرکاری اور نجی دفاتر بند رکھنے سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے نوٹیفکیشن کو جعلی قرار دے دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر ایک نوٹیفکیشن تیزی سے وائرل ہو رہا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ کسی ہنگامی صورتحال کے باعث جڑواں شہروں میں تمام سرکاری اور نجی دفاتر بند رہیں گے، تاہم متعلقہ حکام نے اس خبر کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے تاحال ایسا کوئی باضابطہ نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا اور نہ ہی دفاتر کی بندش سے متعلق کوئی فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے عوام کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ غیر مصدقہ اطلاعات پر یقین نہ کریں اور صرف مستند ذرائع سے آنے والی خبروں پر انحصار کریں۔
حکام نے واضح کیا کہ جعلی نوٹیفکیشن پھیلانا نہ صرف عوام میں خوف و ہراس پیدا کرنے کا سبب بنتا ہے بلکہ یہ قانوناً جرم بھی ہے۔ ایسے عناصر کے خلاف کارروائی عمل میں لانے پر بھی غور کیا جا رہا ہے جو سوشل میڈیا کے ذریعے غلط معلومات پھیلا رہے ہیں۔
نجی اسکولوں نے تین چھٹیوں کا فیصلہ مسترد کر دیا
مزید برآں، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ معمول کے مطابق سرکاری و نجی دفاتر کھلے رہیں گے اور کاروباری سرگرمیاں جاری رہیں گی۔
حکومت نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور کسی بھی خبر کو آگے بڑھانے سے پہلے اس کی تصدیق ضرور کریں تاکہ افواہوں کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔
