آبنائے ہرمز سے گزرنے کی کوشش کرنے والے کم از کم دو تجارتی جہازوں پر فائرنگ کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز نے بین الاقوامی شپنگ اور میری ٹائم سکیورٹی ذرائع سے رپورٹ کیا ہے کہ ہفتے کے روز پیش آنے والے اس واقعے میں جہازوں کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا، تاہم فوری طور پر نقصان یا جانی حالات کی تفصیلات واضح نہیں ہو سکیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کھولنے کے اعلان کے بعد تجارتی جہازوں کی آمد و رفت بحال ہو گئی تھی۔
اس واقعے سے چند گھنٹے قبل ایران نے آبنائے ہرمز کو دوبارہ بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔
پاسداران انقلاب کاکہنا ہے کہ امریکی ناکہ بندی تک آبنائے ہرمز کو دوبارہ بند کیاگیاہے۔
ترجمان خاتم الانبیاء سینٹرل کمانڈ کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز سخت ایرانی کنٹرول میں ہے، آبنائے ہرمز کی سابقہ حالت میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔
پاسداران انقلاب کے مطابق جب تک امریکا ایران سے آنے جانے والے جہازوں کی نقل و حرکت بحال نہیں کرتا آبنائے ہرمز سخت کنٹرول میں رہے گی۔
پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ امریکا ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی کے نام پر بحری قزاقی جاری رکھے ہوئے ہے۔
