افغان طالبان رجیم کی جانب سے پاک افغان سرحد پر اشتعال انگیزی کی گئی جس کا پاک فوج نے منہ توڑ جواب دیا ۔
پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی کی بنیادی وجہ سرحد پار دہشت گردی اور افغانستان میں عسکریت پسندوں کی موجودگی کا تنازع ہے۔ پاکستان کا مؤقف ہے کہ تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور دیگر عسکریت پسند افغانستان کی سرزمین استعمال کرکے پاکستان میں حملے کرتے ہیں جبکہ افغان طالبان حکومت ان الزامات کی تردید کرتی رہی ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے انگوراڈہ میں افغان طالبان نے شہری آبادی کونشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک گھر پر گولہ گرنے سے ایک شہری شہید اور ایک ہی خاندان کے 5 افراد زخمی ہوگئے ۔
پاک فوج نے افغان جارحیت کا فوری اور انتہائی مستعدی کیساتھ شدید جواب دیا اور افغان فورسز کی متعدد چیک پوسٹیں تباہ کردیں ۔
پاک فوج کے جوان دشمن کی کسی بھی جارحیت ناکام بنانے کیلئے مکمل طور پر فعال ہیں،معصوم شہریوں پر حملے کے بعد پاک فوج کا دشمن کیخلاف بھرپور ردعمل جاری ہے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سول آبادی کو نشانہ بنانے پر مقامی لوگوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان کا ٹوئث
ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان نے افغان طالبان کی بلااشتعال فائرنگ سے ایک شہری کے جاں بحق اور5 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ افغان طالبان رجیم نے 27 اکتوبر کی شب انگور اڈہ بازار اور شہری گھروں کو بلااشتعال نشانہ بنایا۔
Afghan Taliban Regime fired unprovoked on civilian houses & Angoor Adda Bazar, South Waziristan (Lower), night of 27 Oct. One civilian killed, five injured by a mortar round, many shops damaged.
Pakistan Forces on the border have and are responding effectively and heavily.
— Deputy Commissioner South Waziristan Lower (@dcswlower) October 27, 2026
مارٹر گولہ لگنے سے ایک شہری جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے جبکہ افغان طالبان کی فائرنگ سے متعدد دکانوں کو بھی نقصان پہنچا،سرحد پر موجود پاکستانی فورسز کی جانب سے مؤثر اور بھرپور جوابی کارروائی جاری ہے۔
پاک افغان سرحد پر دراندازی کی متعدد ناکام کوششیں
پچھلے چند دنوں کے دوران پاک افغان سرحد پر خوارج کی دراندازی کی متعدد کوشش ناکام بنائی گئی ہیں ۔
11 اکتوبر کو خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں پاک افغان سرحد کے قریب خوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بنائی گئی، آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی میں 12خوارج ہلاک ہوگئے، خوارج کی دراندازی میں معاونت کیلئے افغان طالبان کی چوکیوں سے بھی فائرنگ کی گئی۔فائرنگ کے تبادلے میں نائب صوبیدار ہدایت امان شہید ہوئے۔
25 ستمبر کو سکیورٹی ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پاک افغان سرحد پر چمن سیکٹر میں افغان طالبان کی جارحیت اور دراندازی کی کوشش ناکام بنائی۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ افغان طالبان کی جانب سے اشتعال انگیز فائرنگ کی گئی جس کا پاکستانی سکیورٹی فورسز نے بروقت، مؤثر اور بھرپور جواب دیا۔افغان طالبان کی متعدد پوسٹوں کو کواڈ کاپٹرز اور مارٹر فائر سے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں متعدد افغان طالبان ہلاک ہوئے۔


