پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی صفر پر آؤٹ ہونے کے بعد اپنے غصے پر قابو نہ رکھ سکے اور پویلین واپسی کے دوران اپنا بلا توڑ ڈالا۔
یہ واقعہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف کھیلے گئے میچ کے دوران پیش آیا جہاں قلندرز کو 6 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
میچ میں شاہین آفریدی آل راؤنڈر سکندر رضا سے پہلے بیٹنگ کے لیے میدان میں اترے لیکن ان کا یہ فیصلہ سود مند ثابت نہ ہوا اور وہ صرف دوسری ہی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
Shaheen Shah Afridi broke his bat after getting out for duck 🦆. #LHQVQTG pic.twitter.com/DYzLMCFe9f
— Nibraz Ramzan (@nibraz88cricket) April 17, 2026
اپنی کارکردگی پر شدید مایوسی اور غصے کا اظہار کرتے ہوئے شاہین آفریدی پویلین واپسی پر بلے کو پٹختے رہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شاہین آفریدی نے پہلے اپنے بلے کو سائیڈ اسکرین کے قریب ٹائر پر مارا اور پھر ڈریسنگ روم کی سیڑھیاں چڑھتے ہوئے اسے زور سے زمین پر دے مارا جس سے بلا ٹوٹ گیا۔
واضح رہے کہ رواں سیزن میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی ہے اور ٹیم اب تک کھیلے گئے 6 میچز میں سے صرف 2 میں ہی کامیابی حاصل کر سکی ہے۔ پے در پے شکستوں اور انفرادی ناکامی نے کپتان کو شدید دباؤ میں ڈال دیا ہے جس کا مظہر گزشتہ روز گراؤنڈ میں دیکھنے کو ملا۔
