انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد نے بنی گالہ میں کار سرکار میں مداخلت کے کیس کی سماعت کے دوران 26 ملزمان کا 5، 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا ہے۔
پولیس نے ملزمان کوعدالت میں پیش کرتے ہوئے 20، 20 روز کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔
تفتیشی افسر کے مطابق ملزمان نے غیر قانونی طور پر مجمع بنا کر پیٹرول بم، ڈنڈوں اور پتھروں سے لیس ہو کر کارروائی کی۔
عدالت نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ملزمان نے سی ڈی اے اینٹی انکروچمنٹ ٹیم پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے جبکہ پولیس کی گاڑیوں اور دیگر املاک کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ سنگین نوعیت کا ہے اور ملزمان سے مزید تفتیش ضروری ہے تاکہ واقعے کے پس پردہ حقائق سامنے لائے جا سکیں۔
تاہم عدالت نے دلائل سننے کے بعد پولیس کی استدعا جزوی طور پر منظور کرتے ہوئے 26 ملزمان کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کا حکم دیا۔
ملزمان کو 14 اپریل کو گرفتار کیا گیا تھا اورانکے خلاف مقدمہ تھانہ سیکریٹریٹ میں درج ہے، سماعت اے ٹی سی جج طاہر عباس سپرا نے کی جبکہ عدالت نے ہدایت دی کہ تفتیش قانون کے مطابق مکمل کی جائے اور آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ جمع کرائی جائے۔
