کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے تجربہ کار بلے باز رائلے روسو نے پاکستان سپر لیگ میں تاریخی سنگ میل عبور کرتے ہوئے 100 میچز مکمل کرنے والے پہلے غیر ملکی کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔
وہ مجموعی طور پر پی ایس ایل میں 100 میچز مکمل کرنے والے چوتھے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں، ان سے قبل یہ اعزاز عماد وسیم، بابراعظم اور فخر زمان کے پاس تھا۔
میچ سے قبل پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر نے رائلے روسو کو خصوصی طور پر مبارکباد دی اور ان کی خدمات کو سراہا، اس موقع پر انہیں گلیڈی ایٹرز کی جانب سے اعزازی ہیلمٹ بھی پیش کیا گیا۔
پی سی بی نے زمبابوین کھلاڑی پر 2 سال کی پابندی لگا دی
جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے رائلے روسو 2017 سے پی ایس ایل کا مستقل حصہ ہیں۔ وہ اب تک چھ سیزن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز جبکہ چار سیزن ملتان سلطانز کی نمائندگی کر چکے ہیں۔
روایتی طور پر شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے والے روسو نے پی ایس ایل میں 11 نصف سنچریاں اور3 سنچریاں اسکور کی ہیں۔ وہ مجموعی طور پر 2366 رنز کے ساتھ لیگ کے چوتھے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بھی ہیں جبکہ غیر ملکی کھلاڑیوں میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز بھی ان کے پاس ہے۔
