پشاور میں خیبرپختونخوا حکومت نے سرکاری ملازمین کی غیر ملکی شہریوں سے شادی کے حوالے سے نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
دستاویز کے مطابق اب کسی بھی سرکاری ملازم کو غیر ملکی شہری سے شادی کیلئے پیشگی اجازت حاصل کرنا لازمی ہوگا بصورت دیگر اس کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔
حکام کے مطابق بغیر اجازت شادی کو مس کنڈکٹ تصور کیا جائے گا، جبکہ ملازمین کو باقاعدہ درخواست جمع کرانے کے ساتھ کریکٹر کلیئرنس اور حلف نامہ بھی فراہم کرنا ہوگا۔
مزید بتایا گیا ہے کہ غیر ملکی شریک حیات کے سیکیورٹی اور سفارتی پہلوؤں کا بھی مکمل جائزہ لیا جائے گا۔
دستاویز کے مطابق پہلے سے غیر ملکی شہریوں سے شادی کرنے والے ملازمین کے کیسز بھی ازسرنو پیش کیے جائیں گے۔ حکومت نے ان قواعد کو فوری طور پر نافذ کرتے ہوئے تمام محکموں کو سختی سے عملدرآمد کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
