تیز ہواؤں کے ساتھ بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی سامنے آ گئی۔
پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں 16 سے 19 اپریل تک بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ اور ایبٹ آباد میں بارش اور ژالہ باری متوقع ہے جبکہ پشاور، مردان، نوشہرہ، کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بارش کے ساتھ تیز ہواؤں اور آندھی کا امکان ہے۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، جبکہ چترال، دیر، سوات، شانگلہ اور کوہستان میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔ مردان اور نوشہرہ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 16 اپریل سے ملک میں مغربی ہوائیں داخل ہوں گی، بلوچستان میں 17 اور 18 اپریل کےدرمیان بارش و آندھی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، ژوب، لورالائی، پشین، قلعہ سیف اللہ، چمن اورقلعہ عبداللہ میں بارش کی توقع ہے۔
دکی، لورالائی، کچھی، موسی ٰخیل اور زیارت میں بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے جبکہ نوشکی، چاغی، مستونگ، شیرانی، ژوب، بارکھان اور ہرنائی میں بھی بارش ہونے کی توقع ہے۔
پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ تیز ہواؤں اور بارشوں کے باعث کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے، جبکہ کھڑی فصلوں کو بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، اس لیے کسان احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
سعودی عرب کا عمرہ زائرین کو 18 اپریل تک ملک چھوڑنے کا حکم
حکام نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے متبادل راستوں کا بندوبست کیا جائے اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد اور پنجاب میں 16 سے 18 اپریل کے دوران موسلا دھار بارش کا امکان ہے اس کے علاوہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں 16 سے 19 اپریل کے دوران ہلکی بارش، تیز ہواؤں اور بلند پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
