چیف آف آرمی اسٹاف کا اکرام اللہ گنڈا پور کی شہادت پر اظہار افسوس


راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار سردار اکرام اللہ گنڈا پور کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ایک محب وطن سیاسی لیڈر سے محروم ہو گئے ہیں۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ اکرام اللہ گنڈاپور کو امن اور جمہوری عمل کے دشمنوں نے نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم قیام امن کے لیے پر عزم ہیں اور شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔

اتوار کے دن ایک خودکش حملے میں سردار اکرام اللہ گنڈاپور کو نشانہ بنایا گیا تھا اور انہیں سر پر شدید چوٹ آئی تھی۔ زخمی ہونے کے بعد انہیں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

زخمی سردار اکرام اللہ گنڈا پورکو مزید علاج کے لیے پشاور منتقل کیا جانا تھا مگر وہ اس سے قبل ہی داعی اجل کو لبیک کہہ گئے۔

اکرام اللہ گنڈاپور اپنے گھر سے نکلے ہی تھے کہ  کچھ  فاصلے  پر ان کی گاڑی کے قریب زور دار دھماکہ ہوا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ  دھماکے کی جگہ پر ایک انسانی سر اور ٹانگیں بھی دیکھی گئی ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سردار اکرام اللہ گنڈا پور پر حملے کی شدید مذمت کی تھی۔

 

 


متعلقہ خبریں