برازیل: موننیکی فراگا نامی 27 سالہ سوشل میڈیا انفلوئنسر کو اپنے ہی اغوا کا ڈرامہ رچانے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق یہ اقدام مبینہ طور پر سوشل میڈیا پر شہرت اور فالوورز بڑھانے کے لیے کیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق پولیس حکام نے سوشل میڈیا انفلوئنسر موننیکی فراگا کو حراست میں لیا۔ موننیکی فراگا نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر دعویٰ کیا تھا کہ اسے اور اس کے شوہر لوکاس فراگا کو مسلح افراد نے اغوا کر لیا۔
جاری کی گئی ایک ویڈیو میں فراگا نے روتے ہوئے بتایا تھا کہ انہیں ایگاراسو میں اپنے گھر کے باہر سے اغوا کیا گیا۔ اور جنگل میں لے جا کر کئی گھنٹوں تک یرغمال بنایا گیا۔ اس نے دعویٰ کیا تھا کہ اغوا کاروں نے 100 ہزار برازیلین ریئل تاوان طلب کیا اور اس کے شوہر کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
تاہم بعد ازاں ہونے والی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ مبینہ اغوا دراصل ایک منظم منصوبہ تھا۔ تفتیشی افسران کے مطابق شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ فراگا اس منصوبے سے نہ صرف آگاہ تھی بلکہ اس نے مبینہ ملزمان کے ساتھ پیشگی منصوبہ بندی بھی کی اور واقعے کے بعد ان سے رابطے میں رہی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس ڈرامے میں کم از کم 3 افراد ملوث تھے۔ جن میں سے ایک پہلے ہی کسی اور مقدمے میں جیل میں ہے جبکہ دوسرا ہلاک ہو چکا ہے۔ تیسرے مشتبہ شخص کے گھر کی تلاشی بھی لی گئی ہے۔
حکام کے مطابق فراگا کا شوہر اس منصوبے سے مکمل طور پر بے خبر تھا اور وہ واقعے کو حقیقی اغوا ہی سمجھتا رہا۔
یہ بھی پڑھیں: ذوالقرنین سکندر اور رجب بٹ کے درمیان تنازعہ شدت اختیار کر گیا
دوسری جانب موننیکی فراگا نے اپنے خلاف عائد الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بے قصور ہے اور رہائی کے لیے قانونی کارروائی کر رہی ہے۔ جبکہ مقدمے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
