راولپنڈی: ایون فیلڈ ریفرنس میں سزایافتہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف سے انسپکٹر جنرل (آئی جی) جیل خانہ جات پنجاب شاہد بیگ مرزا نے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی ہے۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف اور شاہد بیگ مرزا کے درمیان ملاقات ایک گھنٹہ تک جاری رہی، ملاقات کے دوران اہم معاملات پر بات چیت ہوئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف سے ملاقات میں جیل کی سہولتوں کا ذکر بھی ہوا، اس دوران نوازشریف تک اہم سیاسی پیغامات بھی پہنچائے گئے۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف کو اڈیالہ جیل میں مزید سہولتیں دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
چند روز قبل سابق وزیراعلی پنجاب اور نون لیگ کے صدر شہباز شریف نے نگراں وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصرالملک اور نگراں وزیراعلی پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری کو خط لکھا تھا جس میں نواز شریف کے لیے اڈیالہ جیل میں بہتر سہولتوں کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
خط میں کہا گیا تھا کہ نواز شریف تین بار منتخب وزیراعظم ہیں، ان کا طبی معائنہ اور ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور ضوابط کے مطابق انہیں وہ تمام سہولتیں دی جائیں جو ان کا استحقاق ہے۔
خط میں نواز شریف کے لیے ذاتی معالج کی طرف سے طبی معائنہ اور ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ بھی کیا گیا تھا۔