وزیراعظم شہباز شریف نے اپوزیشن کو ایک بار پھر مذاکرات کی دعوت دے دی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن کو باضابطہ طور پر مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بات چیت کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو بار بار دعوت دی جا چکی ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں مل کر میثاقِ معیشت اور میثاقِ جمہوریت کی طرف بڑھیں تاکہ ملک کو سیاسی اور معاشی استحکام دیا جا سکے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایوان میں ملک بھر سے منتخب نمائندے موجود ہیں اور یہ ایوان سب کے لیے ایک گھر کی حیثیت رکھتا ہے، ان کے مطابق سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن پاکستان کی ترقی اور سلامتی سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ان کے لیے مخالف نہیں بلکہ بھائی ہیں اور ان کے ساتھ کسی قسم کی محاذ آرائی نہیں چاہتے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کو مضبوط بنانا اور اس کے احترام کو فروغ دینا ہر رکن اسمبلی کی ذمہ داری ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا اور ملک کی خاطر دی جانے والی قربانی کبھی کم نہیں ہوتی۔
شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، مزید 21 دہشت گرد ہلاک، مجموعی تعداد 48 ہو گئی
خطاب میں انہوں نے صوبوں کے حقوق اور وسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صوبوں کا معاشی حصہ ان کا آئینی حق ہے، وزیراعظم کے مطابق بلوچستان کو ملک کا ایک اہم اور خوبصورت صوبہ قرار دیا گیا ہے، جہاں کے عوام دلیری اور غیرت کے لیے جانے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ میں بلوچستان کے حصے میں 100 فیصد اضافہ کیا گیا ہے تاکہ صوبے کی ترقی کو تیز کیا جا سکے۔
وزیراعظم نے بلوچستان کے بڑے ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گوادر چمن شاہراہ کی تعمیر پر 300 ارب روپے سے زائد لاگت آ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ منصوبے بلوچستان کی معاشی ترقی اور رابطوں کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ اسی طرح انہوں نے بلوچستان میں کسانوں کے لیے شمسی ٹیوب ویل اور سولر پینلز کی فراہمی کے منصوبوں کا بھی ذکر کیا۔
انہوں نے امن و امان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات بدستور جاری ہیں، وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی سیکیورٹی فورسز اور مسلح افواج دہشت گردی کے خلاف جانوں کا نذرانہ پیش کر رہی ہیں اور قوم ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ ان کے مطابق دہشت گردی کے خلاف غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جا سکتی۔
سپریم جوڈیشل کونسل نے ججز کے ضابطہ اخلاق میں اہم ترامیم کی منظوری دے دی
وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ دنوں میں افسوسناک ہیلی کاپٹر حادثے میں شہادتیں ہوئیں، جن میں دو مسیحی بھائی بھی شامل تھے، تین روز قبل 22 جوانوں نے بھی وطن کے دفاع میں جان قربان کی۔ انہوں نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء قوم کے اصل ہیرو ہیں اور ان کا مقام سب سے بلند ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ صوبوں کی یکساں ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور پنجاب و سندھ نے بلوچستان کے لیے وسائل میں حصہ ڈالا ہے۔ وزیراعظم نے اپوزیشن ارکان سے دوبارہ اپیل کی کہ وہ سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر قومی مفاد میں حکومت کے ساتھ بیٹھیں تاکہ ملک کو آگے لے جایا جا سکے۔
