اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نوازشریف کا مقدمہ سننے والے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی ایک ہفتے کی چھٹیاں منسوخ کی گئی ہیں۔
پرانے نوٹی فکیشن کے مطابق جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے20 جولائی سے تین اگست تک چھٹیوں پرجانا تھا لیکن اب وہ ان تاریخوں پر چھٹیوں پر نہیں جاسکیں گے۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب 28 جولائی سے تین اگست تک مقدمات سنیں گے جس کا نوٹی فیکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کی ہدایت پر اسسٹنٹ رجسٹرار لیگل نے نیا نوٹی فکیشن جاری کیا ہے۔
عدالت عالیہ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کا مقدمہ جولائی کےآخری ہفتے میں مقرر کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔
ڈویژن بنچ رواں ماہ کے آخر میں نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اورداماد کیپٹن (ر) صفدر کی سزا معطل کرکے ضمانت پر رہائی سے متعلق کیس کی سماعت کرے گا۔