پشاور: خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والی سینئر خاتون صحافی انیلہ شاہین انتقال کر گئیں۔
اہلخانہ کے مطابق انیلہ شاہین برین ہیمرج کے باعث اسپتال میں زیرعلاج تھیں تاہم وہ جانبر نہ ہو سکیں۔
صدر پشاور پریس کلب کے مطابق مرحومہ کی نماز جنازہ آج جمعرات کو سہ پہر 3 بجے چمکنی میں ان کے آبائی گاؤں عزیز آباد، انقلاب روڈ پر ادا کی گئی۔ جس میں صحافتی برادری اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
پشاور پریس کلب اور مختلف صحافتی تنظیموں نے انیلہ شاہین کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کی صحافتی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
صدر پشاور پریس کلب ایم ریاض نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ مرحومہ انیلا شاہین ایک نڈر، بااصول اور پیشہ ور صحافی تھیں۔ جن کی صحافتی خدمات کو طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: کسی بھی بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، طالبان رجیم کے بعد دہشتگردی میں اضافہ ہوا، دفترخارجہ
انہوں نے کہا کہ انیلا شاہین صحافیوں کے حقوق اور مفادات کے لیے مختلف عہدوں پر سرگرم رہیں۔ جن میں خیبر یونین آف جرنلسٹس کی جنرل سیکرٹری منتخب ہونا بھی شامل ہے جو خیبر پختونخوا میں ورکنگ جرنلسٹس کی نمائندہ تنظیم ہے۔
