لاہور: محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول پنجاب نے گاڑیوں کے پرکشش یا فینسی رجسٹریشن نمبرز کی فروری کی نیلامی کے لیے آن لائن رجسٹریشن کا آغاز کر دیا۔
حکام کے مطابق شہری اب ای آکشن موبائل ایپ اور ویب پورٹل کے ذریعے گھر بیٹھے اپنی پسند کے نمبر کے لیے اندراج کروا سکتے ہیں۔ جبکہ رجسٹریشن کی آخری تاریخ 2 مارچ مقرر کی گئی ہے۔
ڈیجیٹل نظام متعارف کرانے کا مقصد نیلامی کے عمل کو شفاف، آسان اور عوام کی دسترس میں لانا ہے۔ تاکہ شہریوں کو من پسند رجسٹریشن نمبر کے حصول کے لیے دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں۔
حکام کے مطابق ای آکشن پلیٹ فارم پر موٹر سائیکلوں، نجی گاڑیوں اور کمرشل وہیکلز کے رجسٹریشن نمبرز نیلامی کے لیے دستیاب ہوں گے۔ اس کے علاوہ کامیاب بولی دہندگان کی تفصیلات بھی آن لائن دیکھی جا سکیں گی۔
یہ ای آکشن سسٹم پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) نے محکمہ ایکسائز کے تعاون سے تیار کیا ہے۔
چیئرمین پی آئی ٹی بی فیصل یوسف نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے فینسی نمبرز کی نیلامی کا روایتی طریقہ کار ڈیجیٹل نظام میں تبدیل ہو گیا ہے۔ جس سے شفافیت میں اضافہ اور شہریوں کو تیز رفتار آن لائن سہولت کی فراہمی ممکن ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نیٹ میٹرنگ سے نیٹ بلنگ کی طرف منتقلی فی الحال روک دی ہے، اویس لغاری
سرکاری حکام نے دلچسپی رکھنے والے افراد کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ سے پہلے آن لائن رجسٹریشن مکمل کر کے نیلامی میں حصہ لیں۔
