جماعت اسلامی کے جلسے کا اسٹیج گرگیا، رہنما محفوظ رہے

جماعت اسلامی کے جلسے میں اسٹیج گر گیا|Humnews.pk

مہمند ایجنسی: جماعت اسلامی کے انتخابی جلسے میں اسٹیج گر گیا، حادثہ میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق اور سینیٹر مشتاق احمد سمیت دیگر تمام قائدین محفوظ رہے۔

ہم نیوز کے مطابق مہمند ایجنسی میں جماعت اسلامی کا انتخابی جلسہ جاری تھا کہ اچانک اسٹیج گرگیا لیکن زیادہ اونچائی پر نہ ہونے کی وجہ سے گرنے والے افراد محفوظ رہے۔

جماعت اسلامی کی مقامی قیادت نے فوری طور پر صورتحال پر قابو پایا اور بنا کسی بدنظمی کے انتخابی جلسہ دوبارہ شروع کرادیا۔

اسٹیج پر گنجائش سے زیادہ افراد کی موجودگی کے باعث یہ حادثہ پیش آیا۔

دو روز قبل سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک بھی انتخابی جلسہ کے دوران اسٹیج سے گر گئے تھے جس کے بعد ڈاکٹروں نے پی ٹی آئی رہنما پرویز خٹک کو ایک ہفتہ کا آرام تجویز کیا ہے۔

2013 کی انتخابی مہم کے دوران  چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان بھی اسٹیج پہ جاتے ہوئے گر کر زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد پی ٹی آئی کے سربراہ نے باقی انتخابی مہم ویڈیو پیغامات کے ذریعے چلائی تھی۔


متعلقہ خبریں